فیض حمید کی سزا پر شاہد آفریدی کا مؤقف آگیا
سابق فوجی افسر فیض حمید کی سزا پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا مؤقف بھی آگیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) سابق فوجی افسر فیض حمید کی سزا پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا مؤقف بھی آگیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ خوشی ہے جنرل فیض سمیت دیگر آرمی افسران کا احتساب ہو رہا ہے ، آرمی نے اپنے آپ سے احتساب شروع کیا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے، جس جس نے بھی ملک کو نقصان پہنچایا سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج میری ہے ہم سب کی ہے جو قربانیاں دے رہی ہے، فوج اپنے بچوں کو یتیم کرا کر ہمارے بچوں کو یتیم ہونے سے بچا رہی ہے، مجھے افواج پاکستان پر فخر ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل روڈ شو ہونا چاہیے، پی ایس ایل بڑا برانڈ ہے، پی ایس ایل فرنچائز کو بھی چاہیے ایسے پروگرامز کا انعقاد کریں، پی ایس ایل کی ٹیموں میں اضافہ ہونا چاہیے اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان

ورلڈ کپ کی تیاریوں سے متعلق بات کرتے ہوئے سابق قومی کپتان نے کہا کہ ورلڈکپ سر پر ہے، ٹیم میں زیادہ تجربے کرنے کی ضرورت نہیں،میرا خیال ہے ہمیں ورلڈ کپ کے لئے کمبی نیشن مل گیا ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کپتان کو ایک ٹیم بنا کر دیں تاکہ اس بھی پتا ہو میں کپتان ہوں، بگ بیش میں کرکٹرز کھیل رہے ہیں اچھی بات ہے، بابر، رضوان اور شاہین وہاں سے کھیل کر آئیں گے جس سے ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مزید مدد ملے گی۔