آسام کرکٹ ایسوسی ایشن (اے سی اے) نے سخت کارروائی کرتے ہوئے امت سنہا، ایشان احمد، امن تریپاٹھی اور ابھیشیک ٹھاکور کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ جمعہ کے روز اس وقت کیا گیا جب سید مشتاق علی ٹرافی 2025 کے دوران ان کھلاڑیوں کی سرگرمیوں کو مشکوک قرار دیا گیا۔
اے سی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں شواہد ملے ہیں کہ مذکورہ کھلاڑی نہ صرف خود مشکوک سرگرمیوں میں ملوث تھے بلکہ آسام کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی کرپشن میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاک بھارت میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت شروع
ایسوسی ایشن نے معاملے کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے چاروں کھلاڑیوں کیخلاف ریاستی پولیس کی کرائم برانچ میں باقاعدہ ایف آئی آر درج کرا دی، قانونی کارروائی مکمل ہونے تک ان کھلاڑیوں پر ہر قسم کی کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر پابندی برقرار رہے گی۔
معطلی کے بعد امت سنہا، ایشان احمد، امن تریپاٹھی اور ابھیشیک ٹھاکور نہ تو آسام کی سطح پر کسی ٹورنامنٹ میں کھیل سکیں گے اور نہ ہی آسام کرکٹ ایسوسی ایشن اس کے ڈسٹرکٹ یونٹس یا کسی بھی منسلک کلب کی جانب سے منعقد کیے جانے والے میچز میں حصہ لے سکیں گے۔