انڈر 19 ایشیا کپ کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی
مینز انڈر 19 ایشیاء کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔
فوٹو بشکریہ ایشین کرکٹ کونسل (سوشل میڈیا)
کراچی: (سنو نیوز) مینز انڈر 19 ایشیاء کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی۔

شیڈول کے مطابق انڈر 19 ایشیاء کپ افغانستان کرکٹ بورڈ کی میزبانی میں 12 سے 21 دسمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کے آغاز کے پہلے روز دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں انڈیا اور یو اے ای انڈر 19 ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کل ملائیشیا کے ساتھ کھیلے گی۔

انڈر 19 ایشیا کپ کا تیسرا اور چوتھا میچ 13 دسمبر کو کھیلا جائے گا، ایونٹ کے تیسرے میچ میں میزبان افغانستان کا بنگلہ دیش کے ساتھ جوڑ پڑے گا جبکہ چوتھے میں سری لنکا اور نیپال انڈر 19 کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔

پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان 14 دسمبر بروز اتوار جوڑے پڑے گا جبکہ اسی روز متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا انڈر 19 کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا شائقین کے لیے ایک دلچسپ منصوبے کا اعلان

شیڈول کے تحت ایونٹ کے 7ویں میچ میں 15 دسمبر کو افغانستان اور سری لنکا انڈر 19 جبکہ آٹھویں میچ میں بنگلہ دیش اور نیپال انڈر 19 کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔

ایونٹ کا 9واں اور دسواں میچ 16دسمبر کو کھیلا جائے گا جس میں پاکستان ٹیم اپنا تیسرا گروپ میچ یو اے ای کے خلاف کھیلے گی جبکہ بھارت اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان جوڑ پڑے گا۔

17دسمبر کو گروپ سٹیج کے 11ویں میچ میں بنگلہ دیش کا سری لنکا اور میزبان افغانستان کا نیپال سے ٹاکرا ہو گا۔

واضح رہے کہ کہ انڈر 19 ایشیاء کپ کا سیمی فائنل 19 دسمبر جبکہ فائنل معرکے کا میدان 21 دسمبر کو سجے گا۔