بابا کارگوفٹ بال کلب لاہور کی نئی چیمپئن بن گئی
ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن لاہور کے زیر اہتمام 13 سال بعد منعقدہ لاہور فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل بابا کارگو فٹبال کلب نے جیت لیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن لاہور کے زیر اہتمام 13 سال بعد منعقدہ لاہور فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل بابا کارگو فٹبال کلب نے جیت لیا۔

ایونٹ میں شہر کے ٹاپ 24فٹبال کلبز نے شرکت کی،تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی تھے جبکہ سینئر نائب صدر پی ایف ایف حافظ ذکاء اور صدر پنجاب فٹبال نوید اسلم لودھی نے بھی ایونٹ میں خصوصی شرکت کی۔

ماڈل ٹاؤن لاہور کی گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں فیم اسپورٹس کلب اور بابا فٹبال کلب کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے مگر مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔

پینلٹی ککس پر بابا کارگوفٹبال کلب نے فیم اسپورٹس کلب کو چارکے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

فاتح ٹیم کے اویس کو بہترین گول کیپر، حمزہ کو بہترین فارورڈ جبکہ مڈفیلڈر ذیشان شانی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، رنر اپ ٹیم کے فیضان بہترین ڈیفینڈر کے ایوارڈ کے مستحق قرار پائے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے میچز مظفرآباد اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کا فیصلہ

صدر ڈی ایف اے لاہور ضیاء عارف ڈوگر، سابق ممبر این سی شاہد کھوکھر، ایگزیکٹو ممبر عابد حسین، راجہ عامر، سندھ سے اعظم خان اور کرنل احمد یار لودھی بھی فائنل کے موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ فٹبال کے فروغ کے لیے لاہور ڈسٹرکٹ کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا، پاکستان فٹبال فیڈریشن جلد اپنی لیگ کے آغاز کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب کے میزبان ضیاء عارف ڈوگر نے فاتح ٹیم کو مبارکباداور معزز مہمانوں کو سوینئرز پیش کرکے فائنل تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔