ٹی 20 ورلڈ کپ شیڈول کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا کب ہو گا؟
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
دبئی: (سنو نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا، ٹی 20 ورلڈ کپ ایونٹ کے لئے بھارت اور سری لنکا مشترکہ میزبان ہیں، میچز 7 وینیوز چنئی، نئی دہلی، کولکتہ، ممبئی، احمد آباد، کولمبو اور کینڈی میں ہوں گے۔

آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ کی ٹاپ 2، 2 ٹیمیں سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی، ایونٹ کے سپر 8 مرحلے میں 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، دونوں گروپس کی ٹاپ 2، 2 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے میں بھارت، پاکستان، امریکا ، نیدرلینڈز اور نمیبیا کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، سری لنکا، آئرلینڈ، زمبابوے اور عمان شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم نے ٹی 20 میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا

اسی طرح گروپ سی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلا دیش، نیپال ، اٹلی جبکہ گروپ ڈی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، افغانستان، کینیڈا اور یو اے ای کو رکھا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدر لینڈز کے خلاف کھیلے گی، گرین شرٹس کا دوسرے میچ میں 10 فروری کو کولمبو میں امریکا سے جوڑ پڑے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ٹاکرا 15 فروری کو کولمبو میں ہو گا۔

اسی طرح شیڈول کے تحت پاکستان ٹیم اپنا چوتھا اور آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی۔