تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کے باعث دور ہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست کر دی، وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری طور پر کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں سکیورٹی کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں سری لنکن ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے اور ٹیم منیجر مہندا ہالنگوڈا سے ملاقات کی، وزیرداخلہ مہمان کھلاڑیوں سے بھی ملے اورانہیں سکیورٹی کے حوالے سے اطمینان دلایا۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکن ٹیم کی دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست
وزارت داخلہ کے مطابق حکومتِ پاکستان غیر ملکی ٹیموں کی سکیورٹی کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کی تمام سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ پی سی بی کی یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو دورہ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی دورہ جاری نہیں رکھنا چاہتا تو اس کی جگہ متبادل کھلاڑی بھیج دیا جائے گا، ٹیم اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکن کھلاڑیوں کو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کے تمام کھلاڑی پاکستان میں رکنے پر رضامند ہیں۔
اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سری لنکا کے ہائی کمشنر فریڈ سری ویراتنے سے ملاقات میں کہا تھا کہ سری لنکن ٹیم کی فول پروف سکیورٹی کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے، ٹیم کے کھلاڑی ہمارے سٹیٹ گیسٹ ہیں۔ مہمان کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔سری لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور امید ہے کہ ون ڈے سیریز کا بقیہ شیڈول بلا تعطل مکمل کیا جائے گا۔ وطن واپس جانے والے کھلاڑیوں یا عملے کے ارکان کے خلاف باضابطہ جائزہ لیا جائے گا، دورہ کسی صورت منسوخ یا متاثر نہیں ہوگا۔
دورہ جاری رہنے کی تصدیق کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے بقیہ 2 میچز کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا۔ آج 13 نومبر کو ہونیوالا دوسرا ایک روزہ میچ کل بروز جمعہ 14 جبکہ 15 نومبر کو شیڈول تیسرا ایک روزہ میچ 16 نومبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے پاکستان ٹور جاری رکھنے کے فیصلے پر شکر گزار ہیں، سیریز کے اگلے دونوں میچز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہی ہونگے۔
وفاقی وزیر اطلا عات عطا تارڑ نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان جاری رکھنے کے اعلان کے بعد کہا کہ کرکٹ کے کھیل کیلئے ہمیشہ حمایت کرنے پر سری لنکن ٹیم کے مشکور ہیں۔ پاکستان آمد پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ، سری لنکن کرکٹ ٹیم کی موجودگی ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔