آٹھ گیندوں پر 8 چھکے، تیز ترین نصف سنچری کا ورلڈ ریکارڈ قائم
بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر نے آٹھ گیندوں پر 8 چھکے لگا کر تیز ترین نصف سنچری کا ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر نے آٹھ گیندوں پر 8 چھکے لگا کر تیز ترین نصف سنچری کا ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔

کرکٹ میں 6 گیندوں پر مسلسل 6 چھکے لگنا ایک حیران کن کارنامہ تصور کیا جاتا ہے لیکن بھارت کے فرسٹ کلاس کرکٹر نے 8 گیندوں پر مسلسل 8 چھکے لگاکر نئی تاریخ رقم کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست میگھالیہ سے کھیلنے والے آکاش کمار چودھری نے رنجی ٹرافی کے پلیٹ گروپ میچ میں اروناچل پردیش کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل 8 گیندوں پر 8 چھکے لگا کر فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری بنا کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

آکاش کمار نے صرف 9 منٹ میں 11 گیندوں پر ففٹی مکمل کی، انہوں نےایک اوور میں 6 چھکے اور مجموعی طور پر 8 لگاتار چھکے لگاکر اپنی نصف سنچری بنائی۔

رپورٹس کے مطابق آکاش آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے تو اس وقت ٹیم کا اسکور پہلے ہی 6 وکٹوں پر 576 تھا، بیٹر نے اپنی اننگ کے آغاز میں ایک ڈاٹ اور 2 سنگل رن لینے کے بعد حریف باؤلر کو ایک اوور میں مسلسل 6 چھکے جڑ دیے۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور سہ ملکی سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان

یوں وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے دنیا کے تیسرے بیٹر بن گئے، اس سے پہلے صرف گار فیلڈ سوبرز نے 1968 جبکہ روی شاستری نے 1985 میں یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔

آکاش نے اگلے اوور میں مزید 2 چھکے لگا کر صرف 11 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین ففٹی کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا، ان کی اننگز میں کوئی چوکا شامل نہیں تھا، صرف 8 شاندار چھکے تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری کا ورلڈ ریکارڈ سابق انگلش بیٹر وین وائٹ کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔