کرکٹر عمر اکمل نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کوچ و فاسٹ باؤلر وقار یونس پر سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وقار یونس نے میرا کیریئر خراب کیا انہیں برداشت نہیں تھا کہ کل کا بچہ نئی گاڑی لے کر آرہا ہے، اللہ نے مجھے دیا ہے تو میں اپنے اور گھر والوں کے شوق پورے کر رہا ہوں تو اس میں کون سی بری بات ہے، یہ میں نہیں کہہ رہا میرے ساتھ جتنے بھی کرکٹرز کھیلے ہیں رانا نوید الحسن بھی یہی کہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی
انہوں نے کہا کہ وقار یونس نے مجھے پرفارمنس پر باہر نہیں نکالا، جب میں کوئی نئی گاڑی لے رہا ہوں اور اچھے کپڑے پہن رہا ہوں تو کہتے ہیں کہ تیرے پاس اتنے پیسے آگئے ہیں، پہلے اتنی چیزیں نہیں لے سکتے تھے لیکن جب اللہ تعالیٰ نے دیا ہے تو کیوں اپنے اوپر نہ لگاؤں۔
کرکٹر نے کہا کہ بطور سینئر کرکٹر ان کی عزت کرتا ہوں لیکن بطور کوچ ان کی عزت نہیں کروں گا، 2016 کا ورلڈ کپ کھیلنے گئے تو لیٹر اور فائلیں بنا کر کرکٹ بورڈ کو دے دیں اور کہا کہ انہیں نکال دو ٹیم صحیح ہوجائے گی، میں نے پاکستان کے لیے جتنی لیگز کی آفر چھوڑی ہیں وہ کوئی نہیں چھوڑتا، میری پہلی ترجیح آج بھی پاکستان سے کھیلنا ہے۔