سعودی عرب کا اسکائی اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا اعلان
Sky Stadium
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے دنیا کے پہلے اسکائی اسٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا ہے جو کہ2034 فیفا ورلڈ کپ کے میچوں کی میزبانی کرے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اسٹیڈیم نیوم میگا سٹی پروجیکٹ کا حصہ ہے اور اسے نیوم اسٹیڈیم کہا جائے گا۔ اس کی گنجائش46,000 ناظرین کی ہوگی اور یہ مکمل طور پر شمسی اور ہوا کی توانائی پر کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس سے یہ دنیا کے سب سے ماحول دوست اسپورٹس وینیوز میں سے ایک بن جائے گا۔

تعمیر کا آغاز2027میں ہوگا اوراسے2032 تک مکمل کرنےکا منصوبہ ہے جو ورلڈ کپ سے پہلے مکمل ہو جائے گا، جدید فٹبال اسٹیڈیم ریگستان کی زمین سے350 میٹر کی بلندی پر معلق ہوگا۔

تاہم اس نوعیت اور بلندی کے ڈھانچے کی تعمیر کے ساتھ انتہائی انجینئرنگ چیلنجز بھی جڑے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے لیے حفاظت، رسائی اور وینٹیلیشن کے لیے جدید حل درکار ہوں گے۔ بہت سے شائقین اور مبصرین نے اس منصوبے کو عالمی کھیلوں میں انقلاب قرار دیا۔

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ابتدائی منظوری دے دی ہے اور کہا ہے کہ یہ وینیو ماحول دوست اور پائیدار اسپورٹس انفراسٹرکچر کے نئے معیار قائم کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک افریقہ ٹی 20 سیریز، قومی ٹیم کی پنک تھیم کٹ متعارف

اس اسکائی اسٹیڈیم کے علاوہ سعودی عرب نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے 15 نئے اسٹیڈیمز کا اعلان بھی کیا ہے جن میں کنگ سلمان انٹرنیشنل اسٹیڈیم ریاض میں شامل ہے جس کی گنجائش92,000 سے زائد ہوگی اور یہ 2029 تک مکمل ہو جائے گا۔

اگر منصوبہ وقت پر مکمل ہو گیا تو نیوم اسکائی اسٹیڈیم عالمی کھیلوں کے سب سے آئیکونک جگہوں میں شامل ہو سکتا ہے اور یہ ظاہر کرے گا کہ سعودی عرب نہ صرف کھیل بلکہ کھیل کے اسٹیج کو بھی نئے انداز میں شکل دینے کا خواہاں ہے۔