ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کرکٹ ٹیم آئندہ برس 2026 کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں دو مرحلوں پر مشتمل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران پہلے مرحلے میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں دونوں ٹیمیں 30 جنوری سے 5 فروری تک ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ 2026 سے قبل کھیلی جائے گی۔
ورلڈ کپ کے بعد دوسرے مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز 13 سے 19 مارچ تک شیڈول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک افریقہ ٹی 20 سیریز، قومی ٹیم کی پنک تھیم کٹ متعارف
پی سی بی ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی پاک آسٹریلیا سیریز کے مقامات اور تفصیلی شیڈول کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے ایک آن لائن پریس کانفرنس کے دوران مجوزہ دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے دورہ پاکستان ایک اور شاندار دورہ ہو گا، پاکستان کے خلاف سیریز ہمارے کیلنڈر کا ایک اہم حصہ ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم نے گزشتہ برس نومبر 2024 میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا جہاں محمد رضوان کی قیادت میں شاہینوں نے ون ڈے سیریز1-2 سے اپنے نام کر کے 2002 کے بعد آسٹریلیا میں پہلی تاریخی سیریز میں فتح سمیٹی تھی۔