جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ
Shehbaz Sharif
فائل فوٹو
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتے کے روز جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

وزیرِ اعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کی۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جنوبی افریقہ کے ساتھ مختلف سطحوں پر بہترین تعلقات ہیں اور کرکٹ ان میں سے ایک اہم شعبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ جاری کرکٹ سیریز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مضبوط کھیلوں کے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے، جنوبی افریقہ نے عظیم کرکٹرز پیدا کیے ہیں، انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا کہ وہ بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور بڑے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے کے لیے سازگار ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا محمد وسیم کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

تقریب کے موقع پر جنوبی افریقہ کی ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے حکومتِ پاکستان اور عوام کا پرتپاک خیرمقدم اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ایک یادگار تجربہ تھی۔

عشائیے میں وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال، وفاقی وزیرِ داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔