پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کے اسکواڈ کے اعلان کے لیے الٹی گنتی شروع
Pakistan T20I squad
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹی20 سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کرنے والا ہے۔

زرائع کے مطابق اسکواڈ کا اعلان 13 سے 15 اکتوبر کے درمیان متوقع تھا جبکہ سلیکٹرز تین میچوں پر مشتمل اس سیریز کے لیے حتمی ٹیم ترتیب دے رہے ہیں جو اس ماہ کے آخر میں شروع ہوگی۔

پہلا میچ 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں جبکہ باقی دو میچز 31 اکتوبر اور 1 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔

پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی موجودگی نے اسکواڈ کے انتخاب کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف فارم، فٹنس اور ہوم کنڈیشنز سے مطابقت کو مدنظر رکھ کر ٹیم منتخب کر رہے ہیں۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی نگرانی میں سفید گیند (white-ball) کی تربیتی کیمپ لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (LCCA) گراؤنڈ میں جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رمیز راجہ کی بابر اعظم پر تنقید سوشل میڈیا پر وائرل
 

اس سیشن میں وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں جو مائیک ہیسن کے دور میں مسلسل ٹیم کا حصہ رہے ہیں جن میں صائم ایوب، حسین طلعت، حارث رؤف، فہیم اشرف اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔

یہ کیمپ میچ کی صورتحال پر مبنی مشقوں اور شخصی تربیتی منصوبوں پر مشتمل ہے۔

عثمان خان اور محمد شہزاد کی موجودگی نے شائقین کی توجہ حاصل کی ہے کیونکہ محمد حارث 2025 ایشیا کپ میں اچھی فارم میں نہیں تھے اس لیے عثمان خان کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات بڑھ گئے ہیں خاص طور پر جب محمد رضوان کی واپسی کا امکان کم نظر آ رہا ہے۔

ایک پُرجوش ٹی20 سیریز سے قبل سب کی نظریں مائیک ہیسن اور سلیکشن کمیٹی پر مرکوز ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کیسی حکمتِ عملی اپناتے ہیں۔