
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے دن جنوبی افریقہ کے بلے باز رائن ریکلٹن اور ٹونی ڈی زوری نے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا مگر ڈی زوری بغیر کسی رن کے شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد نعمان علی نے ٹریسٹن سٹبس اور ڈیوڈ بیڈنگھم کو آؤٹ کیا جبکہ ساجد خان نے سیٹ بیٹر رائن ریکلٹن کو 45 رنز پر کیچ کروا دیا۔ شاہین آفریدی نے ورین اور سبرائن کو آؤٹ کیا اور ساجد خان نے متھوسامی کو پویلین واپس بھیجا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ میچ کے تیسرے دن جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں لنچ سے پہلے 269 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جبکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: رمیز راجہ کی بابر اعظم پر تنقید سوشل میڈیا پر وائرل
پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز 109 رنز کی برتری کے ساتھ کیا لیکن تیسرے دن کے اختتام سے قبل صرف 167 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس سے جنوبی افریقہ کو277 رنز کا ہدف ملا۔
جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں تیسرے دن کے اختتام تک2 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز بنائے تھے۔ کپتان ایڈن مارکرم صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ویان ملڈر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم چوتھے دن 183 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان نے 93 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔



