
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مرادآباد میں کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک سینئر باؤلر اپنی ٹیم کو میچ جتوانے کے فوری بعد میدان میں ہی گر کر جان کی بازی ہار گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جہاں اتر پردیش ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام مرادآباد اور سنبھل کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ جاری تھا۔
مرادآباد کے خلاف سنبھل کی ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے آخری 4 گیندوں پر 14 رنز درکار تھے، اس موقع پر مرادآباد کے سینئر بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر احمر خان نے شاندار آخری اوور کیا اور اپنی ٹیم کو 11 رنز سے فتح دلا دی تاہم اوور کی آخری گیند کرانے کے فوراً بعد احمر خان اچانک زمین پر گر گئے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد انتقال کر گئے
گراؤنڈ میں عینی شاہدین نے بتایا کہ باؤلنگ کے بعد اچانک احمر خان کا سانس پھولنے لگا اور وہ پچ پر بیٹھ گئے اور اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑے۔
گراؤنڈ میں موجود ڈاکٹر نے فوری ابتدائی طبی دی اور پھر احمر کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احمر خان مرادآباد کے کرکٹ حلقے میں ایک منفرد پہچان رکھتے تھے اور وہ کئی برسوں سے ویٹرنز کرکٹ میں اپنی خدمات اور عمدہ اسپورٹس مین اسپِرٹ کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔



