شبمن گل نے ٹنڈولکر اور کوہلی کے ریکارڈز توڑ دیے
Shubman Gill breaks Kohli record
فائل فوٹو
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کپتان شبمن گل نے ویسٹ انڈیز کیخلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سچن ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی جیسے لیجنڈز کے ریکارڈ توڑ دیے۔

نئی دہلی میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شبمن گل نے ناقابلِ شکست 129 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر تاریخ رقم کر دی۔

بھارت نے پہلی اننگز میں 5  وکٹوں کے نقصان پر 518 رنز بنا کر اپنی اننگز ڈیکلیئر کی۔ شبمن گل نے بطور کپتان اپنی 10ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی، جو ان کے شاندار فارم کی عکاس ہے۔ اس اننگز کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں بطور کپتان سب سے تیز پانچ سنچریاں بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔

اس سے قبل انگلینڈ کے سابق کپتان الیسٹر کک نے 9 اننگز میں اور بھارت کے عظیم بلے باز سنیل گواسکر نے 10 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا، جبکہ شبمن گل نے صرف 12 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دے کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

بھارتی کرکٹ میں یہ تیسرا موقع ہے جب کسی کپتان نے ایک سال میں 5 ٹیسٹ سنچریاں بنائی ہیں، اس سے قبل ویرات کوہلی نے 2017 اور 2018 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا، تاہم وہ 18 اننگز میں اس مقام تک پہنچے تھے۔ شبمن گل نے صرف 12 اننگز میں یہ ریکارڈ توڑ کر کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔