پی سی بی نے اپنا لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم لانچ کر دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈیجیٹل میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم پی سی بی لائیو لانچ کر دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیجیٹل میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم پی سی بی لائیو لانچ کیا/ فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ڈیجیٹل میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم "پی سی بی لائیو" لانچ کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد کرکٹ شائقین کو عالمی معیار کی آن لائن اسٹریمنگ سہولت فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق "پی سی بی لائیو" پلیٹ فارم اس وقت برطانوی صارفین کے لیے دستیاب ہے جہاں شائقین ویب سائٹhttps://live.pcb.com.pk/ پر رجسٹریشن کر کے لائیو میچز دیکھ سکیں گے۔ اگلے مرحلے میں یہ سروس دنیا کے تمام خطوں تک توسیع دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم اور محمد رضوان کی ٹی 20 میں واپسی؟ اہم خبر آگئی

ابتدائی طور پر "پی سی بی لائیو" پر پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز نشر کی جائے گی جبکہ اکتوبر کے آخری ہفتے میں اس پلیٹ فارم کی موبائل اپلیکیشن بھی متعارف کروائی جائے گی۔
پی سی بی لائیو پر صارفین پی سی بی کے آرکائیوز، خصوصی انٹرویوز، دستاویزی فلموں اور تازہ ترین کرکٹ آپ ڈیٹس تک بھی رسائی حاصل کر سکیں گے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے اس دور میں پی سی لائیو کا آغاز ملکی کرکٹ کے فروغ اور شائقین سے براہ راست تعلق مضبوط بنانے کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔