
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ 2025 میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باوجود سلیکشن کمیٹی نے کپتان سلمان علی آغا پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کپتان سلمان علی آغا کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں جنوبی افریقا کے خلاف سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 سے متعلق گفتگو ہوئی۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کپتان سلمان آغا اور کوچ مائیک ہیسن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے کمبی نیشن کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کی ٹی 20 میں واپسی پر چند اراکین کے تحفظات
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ اور کپتان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک قیادت اور کمبی نیشن میں تبدیلی کے حق میں نہیں ہیں۔
بورڈ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کمان سلمان علی آغا کے ہاتھوں میں ہی ہو گی جبکہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بابر اور رضوان کی ٹی 20 فارمیٹ میں واپسی اور سکواڈ میں ردوبدل کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان اہم اجلاس آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔