
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی منصوبہ بندی کا آغاز ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کی تشکیل پر مشاورت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی 20) اسکواڈز میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں متوقع نہیں ہیں، تاہم ٹی 20 ٹیم میں تین سے چار تبدیلیوں کا امکان ضرور ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے اجلاسوں میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کو پاک بھارت میچز نا کروانے کی تجویز
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں ٹیم کی غیر متوقع کارکردگی کے بعد سلیکٹرز، کوچ اور کپتان نے مل بیٹھ کر ٹیم کمبی نیشن پر ازسرِنو غور کیا ہے۔ موجودہ ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا کی کارکردگی بھی زیر بحث آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا بیٹنگ اور قیادت دونوں میں سلیکٹرز کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔
دوسری جانب، ٹیم میں سینیئر کھلاڑیوں کی واپسی اور چند نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر بھی غور جاری ہے۔ سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کا کمبی نیشن متوازن ہو اور کھلاڑی اپنی بہترین فارم میں ہوں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ون ڈے اسکواڈ میں معمولی تبدیلیاں متوقع ہیں، تاہم ابھی حتمی فیصلے نہیں کیے گئے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مستقبل کے پلان کا حصہ سمجھا جائے گا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی 20 اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز شیڈول ہے۔
پہلا ٹی 20 میچ 28 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جس کے لیے سلیکشن کمیٹی جلد حتمی اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔ شائقین کرکٹ کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا بابر اعظم ٹیم میں واپسی کرتے ہیں یا نہیں، کیونکہ ان کی شمولیت ٹیم کے بیٹنگ ڈھانچے کو مضبوط بنا سکتی ہے۔



