حارث رؤف دباؤ میں پھر ناکام، ایشیا کپ کا فائنل بھارت کے نام
 ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان ایک بار پھر فیصلہ کن موقع پر دباؤ برداشت نہ کر سکا اور بھارت کو ٹرافی تھما بیٹھا۔
فائل فوٹو
کراچی : (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں پاکستان ایک بار پھر فیصلہ کن موقع پر دباؤ برداشت نہ کر سکا اور بھارت کو ٹرافی تھما بیٹھا۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سنسنی خیز فائنل میچ میں بھارت نے آخری اوور میں ہدف حاصل کر کے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی اور نویں بار ایونٹ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

اس بار بھی پریشر اوور حارث رؤف کے حصے میں آیا اور وہ حسبِ روایت ٹیم کے لیے ولن ثابت ہوئے۔

بھارت کو جیت کے لیے آخری اوور میں صرف 10 رنز درکار تھے لیکن حارث رؤف نے چار گیندوں میں ایک چھکا اور ایک چوکا کھا کر میچ بھارت کی جھولی میں ڈال دیا۔

حارث اس میچ میں بھی اسپیڈ اسٹار کے بجائے رن مشین ثابت ہوئے اور 3.4 اوورز میں 50 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ حارث نے میچ مخالف ٹیم کو باآسانی جتوایا ہو، اس سے قبل 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور گزشتہ سال امریکا کے خلاف میچ میں بھی وہ دباؤ میں ناکام ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی باکسر نے بھارتی کھلاڑی کو ناک آؤٹ کردیا

2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں روایتی حریف بھارت تھا، حارث پریشر میں 19 واں اوور کرنے آئے اور کوہلی سے 2 چھکے کھا کر میچ بھارت کی جھولی میں ڈال کر چلے گئے۔

گزشتہ برس پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکا کے خلاف آخری اوور میں 15 رنز کا دفاع کرنے میں پھر ناکام ہوا اور نوآموز ٹیم سے میچ ہار کر پہلے ہی مرحلے میں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔

کپتان سلمان علی آغا نے دیگر آپشنز ہونے کے باوجود ایک بار پھر آخری اوور کے لیے پیسر کو منتخب کیا لیکن نتیجہ پھر وہی نکلا اور پاکستان کا ایشیا کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔