
ایشیا کپ کے فائنل میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو راویت کے مطابق ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کروانا تھا لیکن بھارت نے آج بھی ہٹ دھرمی کی پالیسی برقرار رکھی۔
میچ سے قبل دونوں ٹیمیں دبئی سٹیڈیم پہنچیں تو پاکستانی کپتان سلمان علی آغا ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کیلئے پہنچے لیکن اس دوران بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو شوٹ کیلئے نہیں آئے جس پر سلمان علی آغا کا ٹرافی کے ساتھ اکیلے فوٹو شوٹ کیا گیا۔
بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بھارتی میڈیا کو پیغام دیا گیا کہ ہمیں ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ٹرافی شوٹ کا نہیں کہا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت ایشیا کپ فائنل، جیتنے والی ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟
علاوہ ازیں بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے آج بھی ٹاس کے بعد اپنی ہٹ دھرمی برقرار دکھتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دو میچز میں بھارتی کپتان نے ٹاس کے بعد سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا تھا جبکہ میچ کے اختتام پر بھی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مصافحہ نہیں کیا تھا۔



