ایشیا کپ فائنل: پاکستان کیخلاف بھارتی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں؟
Asia Cup 2025 Final
فائل فوٹو
دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2025ء کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان کیخلاف میدان میں اترنے سے قبل بھارتی ٹیم مینجمنٹ اہم فیصلے کرنے جارہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے تاکہ فیصلہ کن معرکے میں بہترین کمبی نیشن کے ساتھ اتر سکیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر جسپریت بمرا اور آل راؤنڈر شیوم دوبے کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔ اگر یہ تبدیلیاں کی جاتی ہیں تو ارشدیپ سنگھ اور ہرشیت رانا کو ٹیم سے باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔

دونوں بولرز نے ایونٹ میں متاثر کن پرفارمنس دکھائی، تاہم پاکستان کیخلاف تجربہ کار کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کی فٹنس ٹیم کیلئے اب بھی ایک بڑا سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔ سری لنکا کیخلاف میچ میں وہ صرف ایک اوور کرا سکے تھے اور ہیمسٹرنگ انجری کے باعث میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔ اگرچہ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ پانڈیا فائنل میں شرکت کیلئے تیار ہیں، لیکن ان کی مکمل فٹنس پر شکوک و شبہات برقرار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا

ذہن نشین رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل ہمیشہ شائقین کرکٹ کیلئے سب سے بڑا ایونٹ ثابت ہوتا ہے۔ شائقین دونوں ملکوں کی ٹیموں کے ٹکراؤ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور اس بار بھی ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔