ایشیا کپ 2025: فائنل میچ سے قبل بھارتی ٹیم کو دھچکا
ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے معرکے یعنی پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل میچ سے قبل بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار نظر آ رہی ہے
بھارتی باؤلنگ کوچ نے کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کیا ہے/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے معرکے یعنی پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل میچ سے قبل بھارتی ٹیم مشکلات کا شکار نظر آ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی باؤلنگ کوچ نے کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف میچ میں پہلا اوور کرانے کے بعد اچانک ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کے بعد وہ دوبارہ میدان میں واپس نہ آ سکے۔ اس صورتحال نے بھارتی ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں مسائل پیدا کر دیئے ہیں، کیونکہ پانڈیا بھارتی ٹیم کے اہم آل راؤنڈر ہیں جو بیک وقت باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں میں کارکردگی دکھاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کی جانب سے حارث رؤف اور سوریا کمار یادو پر جرمانہ عائد

دوسری جانب اوپنر ابھیشک شرما بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔ سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران انہیں اننگز کے نصف وقت تک میدان چھوڑنا پڑا اور وہ باقی میچ کے دوران دستیاب نہ ہو سکے۔ بھارتی کوچنگ اسٹاف کے مطابق ان دونوں کھلاڑیوں کی انجری کا آج رات اور کل صبح مزید تفصیلی معائنہ کیا جائے گا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ وہ فائنل میچ کے لیے دستیاب ہیں یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق اگر ہاردک پانڈیا اور ابھیشک شرما فائنل میچ سے باہر ہو جاتے ہیں تو بھارتی ٹیم کے کمبی نیشن کو سخت دھچکا لگے گا۔ پانڈیا کے متبادل کے طور پر بھارت کے پاس کوئی تجربہ کار آل راؤنڈر موجود نہیں ہے، جبکہ ابھیشک شرما کی جگہ لینے کے لیے بھی بھارتی ٹیم کو نئے اوپنر کا انتخاب کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کل ایشیا کپ 2025 کا فائنل کھیلا جائے گا، جو دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کا متوقع ہے۔