آئی سی سی کی جانب سے حارث رؤف اور سوریا کمار یادو پر جرمانہ عائد
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اور پاکستانی باؤلر حارث رؤف کو قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے کر جرمانہ عائد کردیا۔
فائل فوٹو
دبئی: (سنو نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اور پاکستانی باؤلر حارث رؤف کو قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے کر جرمانہ عائد کردیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے میچ کے بعد متنازع بیان دینے پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کا مؤقف مسترد کردیا ، آئی سی سی کی جانب سے سوریا کمار یادو پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کرکٹرز کی پیشی کا بھی فیصلہ سنا دیا، آئی سی سی نے قومی کرکٹرحارث رؤف پرمیچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا، حارث رؤف کو اشارے کرنے پر وارننگ بھی دی گئی۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی بیٹر صاحبزادہ فرحان پرجرمانہ عائدنہیں کیاگیا، صاحبزادہ فرحان کوبیٹ بندوق کی طرح لہرانے پر صرف وارننگ ملی، آئی سی سی نےدونوں کھلاڑیوں کولیول ون جرم کا مرتکب قرار دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی کپتان سوریا کمار یادو آئی سی سی ہیڈ کوارٹر پیش ہوئے، آئی سی سی نے بھارتی کپتان کو آئندہ کسی بھی قسم کی سیاسی بیان بازی سے روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈین بورڈ کی شکایت پر آئی سی سی میں حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کی پیشی

آئی سی سی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو کو ہدایت کی کہ آئندہ گراؤنڈ میں کسی قسم کی سیاسی بیان بازی نہیں کریں گے ۔

دوسری جانب انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی کھلاڑیوں حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان آج آئی سی سی ہیڈ کوارٹر طلب کر رکھا تھا، حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے خلاف بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی )نے آئی سی سی کو شکایت لگائی تھی۔

میچ ریفری رچی رچرڈسن نے دونوں کھلاڑیوں کا کیس الگ الگ سنا، میچ ریفری کی جانب سے صاحبزادہ فرحان سے ان کی گن سیلیبریشن جبکہ حارث رؤف سے0-6 کے اشارے پر سوالات کیے گئے۔