حارث رؤف پر عائد جرمانہ چیئرمین پی سی بی اپنی جیب سے ادا کرینگے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے قومی فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر عائد کیا گیا جرمانہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اپنی جیب سے ادا کریں گے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے قومی فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر عائد کیا گیا جرمانہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج امریکا سے دبئی پہنچ رہے ہیں، صدر ایشین کرکٹ کونسل پاک بھارت فائنل میچ بھی سٹیڈیم میں دیکھیں گے اور فاتح ٹیم کو ایشیا کپ کی ٹرافی بھی دیں گے۔

واضح رہے بھارتی میڈیاکی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادو پر میچ فیس کا 30 فی صد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اب ذرائع کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ قومی فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر عائد جرمانہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی شکایت پر پاکستانی کرکٹرز حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان آئی سی سی کے سامنے پیش ہوئے جہاں صاحبزادہ فرحان سے ان کی گن سیلیبریشن اور حارث رؤف سے0-6 کے اشارے پر سوالات کیے گئے۔

صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی کے سامنے مؤقف اپنایا کہ یہ خوشی کے اظہار کا ایک عام انداز ہے جو کئی کھلاڑی ماضی میں بھی اپنا چکے ہیں، ایم ایس دھونی اور ویوین رچرڈز جیسے کھلاڑی بھی گن سیلیبریشن کر چکے ہیں اور پاکستان میں اس طرح کا اظہار مسرت معمول کی بات ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کی جانب سے حارث رؤف اور سوریا کمار یادو پر جرمانہ عائد

دوسری جانب میچ ریفری رچرڈسن نے حارث رؤف سے کہا کہ آپ نے 0-6 کا اشارہ کیا، بھارتی بورڈ کو اس پر اعتراض ہے جس پر حارث نے جواب میں کہا کہ چھکے کے لیے 6 اور صفر کے لیے 0 کا اشارہ عام طور پر استعمال ہوتا ہےاس میں قابل اعتراض بات کیا ہے؟

میچ ریفری نے کہا کہ بھارتی بورڈ کو لگتا ہے یہ اشارہ آپ کسی اور چیز سے جوڑ رہے تھے جس پر حارث رؤف نے جواب دیا کہ بھارتی بورڈ بتائے 0-6 کا کیا مطلب ہوسکتا ہے، آپ یا وہ بتائیں میں 0-6 کو کس چیز سے جوڑ رہا تھا؟

حارث کے جواب پر میچ ریفری نے سوال کیا کہ آپ بتائیں آپ نے یہ 0-6 کا اشارہ بار بار کیوں کیا؟ جس پر حارث رؤف نے جواب دیا کہ شائقین کی طرف محض اشارہ کیا، میرا اور کوئی مطلب نہیں تھا۔