ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے
فائنل میں پاکستان کا مقابلہ اس کے روایتی حریف بھارت سے ہوگا جو کہ ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ممکن ہو رہا ہے
پاکستان نے بنگلہ دیش کو خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ اب فائنل میں پاکستان کا مقابلہ اس کے روایتی حریف بھارت سے ہوگا جو کہ ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ممکن ہو رہا ہے۔

ایشیا کپ کا آغاز 1984 میں ہوا اور اب تک یہ ٹورنامنٹ 16 مرتبہ منعقد ہو چکا ہے۔ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی دلچسپ اور یادگار میچز کھیلے گئے، لیکن حیران کن طور پر دونوں ٹیمیں کبھی بھی اس ایونٹ کے فائنل میں آمنے سامنے نہیں آئیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ شائقین کو دونوں حریفوں کو ایشیا کپ کے فائنل میں کھیلتے دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل کی ٹکٹ کٹا لی

پاکستان نے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بنگلہ دیش کو ہرایا، اگرچہ میچ کے دوران کئی بار صورتحال سنسنی خیز رہی۔ آخر کار پاکستانی بولرز نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی۔ دوسری جانب بھارت پہلے ہی فائنل میں جگہ بنا چکا تھا۔
ماہرین کرکٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کا یہ فائنل کرکٹ کی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ ثابت ہوگا کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ مقابلے ہمیشہ غیر معمولی دلچسپی اور جوش و خروش کا باعث بنتے ہیں۔ اس مرتبہ فائنل کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ گروپ اور سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ تاہم پاکستانی کپتان سلمان آغا نے فائنل میں بھرپور کارکردگی دکھانے اور تاریخ رقم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت سب سے زیادہ 8 مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے۔ سری لنکا نے 6 بار یہ اعزاز حاصل کیا جبکہ پاکستان صرف 2 بار ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب ہوا۔ اس بار فائنل میں کامیابی پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع ہوگی، جو اسے ایشیائی کرکٹ میں مزید مضبوط مقام دلوا سکتی ہے۔