
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے، اننگ کے آغاز میں ہی پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی، پاکستانی بیٹرز یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اننگ کا آغاز کیا لیکن صاحبزادہ فرحان ٹیم کے 4 رنز کے مجموعے پر 4 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے، صائم ایوب کا بلا آج بھی خاموش ہی رہا اور وہ بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
کریز پر موجود فخر کا ساتھ نبھانے کیلئے کپتان سلمان علی آغا آئے لیکن 29 رنز کے مجموعی سکور پر فخر زمان بھی 13 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔
نئے آنے والے بلے حسین طلعت بھی محض تین رنز بنا کر ہی پویلین چلتے بنے، کپتان سلمان علی آغا کی مزاحمت بھی 19 رنز پر دم توڑ گئی جبکہ شاہین آفریدی بھی 13 گیندوں پر 19 رنز ہی بنا سکے۔
پاکستان کا ساتواں نقصان محمد حارث کی صورت میں ہوا جب وہ 23 گیندوں پر 31 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے، محمد نواز بھی 25 رنز بنا کر ہمت ہار گئے جبکہ فہیم اشرف 14 اور حارث رؤف 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، مہدی حسن اور رشاد حسین نے 2،2 جبکہ مستفیظ الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دونوں میں سے جیتنے والی ٹیم فائنل کا معرکہ لڑے گی، آج جیتنے والی ٹیم کا فائنل میں بھارت سے جوڑ پڑے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 25 ٹی 20 انٹر نیشنل میچز ہوئے ہیں، پاکستان نے 20 اور بنگلا دیش نے 5 جیتے ہیں۔
پاکستان ٹیم
پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان ، فخر زمان ، صائم ایوب ، سلمان آغا ، حسین طلعت شامل ہیں، محمد حارث ،محمد نوا ز ، شاہین آفریدی ، فہیم اشرف بھی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ حارث رؤف ، ابرار احمد بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
بنگلہ دیش کا سکواڈ:
بنگلہ دیش کی ٹیم سیف حسن، پرویز حسین، توحید ہریدوئے، شمیم حسین، جاکر علی، نورالحسن، مہدی حسن، رشاد حسین، تسکین احمد، تنظیم حسن ثاقب، مستفیظ الرحمان پر مشتمل ہے۔