ایشیا کپ: فخر زمان کا متنازع آؤٹ، پاکستان نے آئی سی سی کو شکایت کردی
ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت کیخلاف میچ کے دوران پاکستانی اوپنر فخر زمان کو متنازع آؤٹ دینے کا معاملہ آئی سی سی میں پہنچ گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت کیخلاف میچ کے دوران پاکستانی اوپنر فخر زمان کو متنازع آؤٹ دینے کا معاملہ آئی سی سی میں پہنچ گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کے خلاف میچ کے دوران فخر زمان کو متنازع آؤٹ دینے پر آئی سی سی سے امپائر کی شکایت کر دی اور امپائر کے خلاف انکوائری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں امپائر نے فخر زمان کو غلط آؤٹ قرار دیا تھا جس پر قومی ٹیم ، شائقین کرکٹ اور سابق کھلاڑیوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب ایشیا کپ ٹی 20 میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارت کے خلاف میچ میں فخر زمان کے کیچ آؤٹ کو ممکنہ طور پر غلط قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت ٹاکرا، سابق کرکٹرز نے فخرزمان کے آؤٹ کا فیصلہ غلط قرار دیدیا

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ فخر زمان کا آؤٹ شاید غلط تھا، ہمیں لگا گیند زمین پر لگی مگر فیصلہ امپائر کا ہی ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے اننگ کا آغاز کیا اور فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا تاہم 15 رنز پران کا وکٹوں کے پیچھے کیچ پکڑا گیا۔

بھارتی باؤلر ہاردک پانڈیا کی گیند پر فخر زمان کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ فیلڈ امپائرز سے تھرڈ امپائر کوریفر کیا گیا، ایکشن ری پلے دیکھنے پر یہ واضح نظر آیا کہ گیند زمین پر لگنے کے بعد وکٹ کیپر کے ہاتھ میں آئی یا پہلے، تاہم تھرڈ امپائر نے فخر زمان کو آؤٹ قرار دیا تھا، تھرڈ امپائر کے اس فیصلے پر فخر زمان نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا۔