
لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیاء کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے مابین میچ میں پاکستان کو ایک بار پھر شکست کا منہ دیکھنا پڑا، جس کے بعد شائقین کرکٹ مایوسی کا شکار ہیں۔
گزشتہ روز دبئی میں ہونے والے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کی اور پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو شکست
دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت نے 172 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، یوں پاکستان کو ٹورنامنٹ میں بھارت سے دوسری بار شکست ہوئی۔
موجودہ صورتحال میں اگر پاکستان کو فائنل کھیلنا ہے تو آئندہ ہونے والے دونوں میچ جیتنے ہوں گے، کسی ایک میچ میں شکست کی صورت میں بھی پاکستان ایشیاء کپ 2025 سے باہر ہوجائے گا۔ ایشیاء کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان کا اگلا میچ 23 ستمبر کو سری لنکا سے ہوگا جبکہ دوسرا میچ 25 ستمبر کو بنگلادیش سے ہوگا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش سپر فور مرحلے میں پہلے ہی ایک میچ میں فتح حاصل کرچکا ہے۔