
ذرائع کے مطابق میچ سے قبل قومی ٹیم اور مینجمنٹ کی فائنل میٹنگ ختم ہو گئی،پاکستان ٹیم میں بھارت کیخلاف میچ کیلئے ایک یا ایک سے زائد تبدیلیاں متوقع ہیں جبکہ قومی ٹیم کے بیٹنگ آرڈر میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ٹیم ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شاہینوں نے اب تک کھیلے گئے تینوں میچز میں صفر پر آؤٹ ہونیوالے اوپنر صائم ایوب کو مڈل آرڈر میں آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ صاحبزادہ فرحان کا اوپننگ پارٹنر کون ہوگا؟ اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ بدستور کنفیوژن کا شکار ہے، محمد حارث یا فخر زمان کو بطور اوپنر کھلانے کا امکان ہےجبکہ گزشتہ تین میچز میں صرف 17 رنز بنانے والے حسن نواز کی جگہ حسین طلعت کو ٹیم شامل کیا جاسکتا ہے جبکہ خوشدل شاہ کی جگہ فہیم اشرف کی ٹیم میں شمولیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق باؤلنگ لائن سے چھیڑ چھاڑ کا فی الحال کوئی امکان نہیں، فاسٹ باؤلنگ کی ذمہ داری شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف ہی سنبھالیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے ٹکراؤ سے قبل بھارت کو بڑا دھچکا
علاوہ ازیں ٹیم میٹنگ میں دیگر مختلف پہلووں پر بھی بات چیت کی گئی، میٹنگ کے دوران کوچنگ اسٹاف نے ٹاس کی اہمیت پر بھی بات کی، ٹیم مینجمنٹ نے کپتان کو ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ اوپنرز کو چھے اوورز میں وکٹیں نہ گنوانے اور سنبھل کر کھیلنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں سے گفتگو میں کہا کہ پلاننگ کے تحت گیم کھیلیں گے تو ہی میچ جیتیں گے،ہر بیٹر اپنی ذمہ داری لے کر بیٹنگ کرے،آج کے میچ میں کسی کا چہرہ نہیں اترا ہونا چاہئے جان لگا دیں۔
کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ باؤلرز پہلے باؤلنگ ملتے ہی اٹیک شروع کردیں اور وکٹیں لیں، گراؤنڈ میں ایک دوسرے کو جوش سے سپورٹ کریں مخالف ٹیم پر پریشر آ جائے گا۔