ایشیا کپ: پاک بھارت ٹاکرے کا دباؤ کم کرنے کیلئے پی سی بی کا بڑا قدم
PCB sports psychologist
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ کے اہم مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل کھلاڑیوں کو ذہنی دباؤ سے نکالنے کیلئے اسپورٹس سائیکولوجسٹ کی خدمات حاصل کرلیں۔

یہ فیصلہ ٹیم کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے اور ہائی پریشر میچز میں بہترین کارکردگی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈاکٹر راحیل کو بطور اسپورٹس سائیکولوجسٹ پاکستان ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

ڈاکٹر راحیل کھلاڑیوں کو ذہنی تناؤ سے نجات دلانے اور پریشر ہینڈل کرنے کے جدید طریقے سکھائیں گے تاکہ وہ بڑے میچز میں اعتماد کے ساتھ کھیل سکیں۔

ماہرینِ کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ غیر معمولی دباؤ کا باعث بنتا ہے۔ اس دباؤ میں کھلاڑی اکثر اپنی صلاحیتوں کے مطابق پرفارم نہیں کرپاتے۔ ایسے میں اسپورٹس سائیکولوجسٹ کی شمولیت کھلاڑیوں کیلئے مثبت ثابت ہوگی اور وہ میدان میں اپنی اصل کارکردگی دکھانے کے قابل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ: پاکستان سے ٹکراؤ سے قبل بھارت کو بڑا دھچکا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کے مطابق ڈاکٹر راحیل کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ سیشنز میں بھی شامل ہوں گے اور انہیں ذہنی مضبوطی کے ساتھ ساتھ فوکس برقرار رکھنے کی مشقیں بھی کروائیں گے۔

شائقینِ کرکٹ نے بھی اس فیصلے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدام گرین شرٹس کو بھارت کیخلاف اہم معرکے میں بہترین نتائج دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔