ایشیا کپ:پاکستان کا یو اے ای کو جیت کیلئے 147 رنز کا ہدف
 ایشیا کپ کے ڈو اور ڈائی میچ میں یو اے ای کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔
فوٹو بشکریہ کرکٹ ویب سائٹ
دبئی: (سنو نیوز) ایشیا کپ کے ڈو اور ڈائی میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف دے دیا۔

دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں یو اے ای کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تاہم پاکستان ٹیم کھیل کا آغاز اچھا نہ کر سکی۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگ کاآغاز کیا لیکن صائم کا بلا آج بھی خاموش ہی رہا، ٹیم کے 3 رنز کے مجموعے پر صائم ایوب آج بھی بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔

کریز پر موجود صاحبزادہ فرحان کا ساتھ نبھانے کیلئے فخر زمان آئے لیکن 9 رنز کے مجموعی سکور پر صاحبزادہ فرحان بھی 5 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے، پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور کپتان سلمان علی آغا نے اننگ کو آگے بڑھایا لیکن کپتان سلمان آغا بھی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 رنز بنا کر کیچ تھما بیٹھے۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان 35 گیندوں پر 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ نئے آنے والے بلے باز حسن نواز 3 اور خوشدل شاہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ٹیم کا سکور 93 پر پہنچا تو آدھی سے زائد ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، محمد نواز بھی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور محض 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ حارث رؤف بغیر کوئی سکور کیے رن آؤٹ ہوئے۔

شاہین آفریدی نے آج بھی جارحانہ کھیل پیش کیا اور 14 گیندوں پر 29 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 2 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 18 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سرمجیت سنگھ نے 3 اور دھارو پرشار نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔