
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے سود مند ثابت ہوا ، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے عمان کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں عمان کی بیٹنگ لائن ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی،عماد کی جانب سے صرف حماد مرزا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے، اوپنر عامر کلیم نے 13 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ کپتان جتندر سنگھ ایک رن بنا کر ہی صائم ایوب کا شکار بن گئے۔
عمان کی جانب سے محمد ندیم 3، وینائل شکلا 2 جبکہ صفیان محمود ایک اور ذاکر اسلام بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے، نئے آنے والے بلے باز شاہ فیصل اور حسنین شاہ بھی کچھ دیر کے ہی مہمان ثابت ہوئے اور دونوں محض ایک ، ایک رن بنا کر چلتے بنے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب، فہیم اشرف اور صفیان مقیم نے دو، کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین آفریدی، ابرار احمد اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقرر 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے 43 گیندوں پر 66 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی، ان کی اننگ میں 7 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر صاحبزادہ فرحان 29 رنز بنا سکے جبکہ محمد نواز 19، حسن نواز 9، فہیم اشرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، صائم ایوب کا بلا آج خاموش رہا اور بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے جبکہ فخر زمان نے 16 گیندوں پر 23 اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 رن کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
عمان کی جانب سے شاہ فیصل اور عامر کلیم نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد ندیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔



