پی سی بی کا تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کرانے کا اعلان
 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پاکستان نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کرانے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پاکستان نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کرانے کا اعلان کردیا۔

بورڈ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سہہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے افغانستان اور سری لنکن بورڈ سے رابطے میں ہیں، افغانستان کرکٹ بورڈ نے سہہ ملکی سیریز میں شمولیت کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے نومبر میں وائٹ بال سیریز کے لئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، وائٹ بال سیریز میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں، پی سی بی ٹی ٹوئنٹی سیریز کو تین ملکی سیریز میں تبدیل کرنے پر غور کر رہا ہے۔

پی سی بی ذرائع کا بتانا ہے کہ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز ساؤتھ افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے اختتام پر کھیلی جائے گی، ساؤتھ افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کا آخری ون ڈے میچ 8 نومبر کو فیصل آباد میں شیڈولڈ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان یو اے ای کو شکست دے کر ٹرائی سیریز کے فائنل میں پہنچ گیا

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تین ملکی سیریز کے حوالے سے تینوں بورڈز کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے ، بات چیت مکمل ہونے پر تین ملکی سیریز کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

بورڈ ذرائع کے مطاق تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 سے 30 نومبر کی ونڈو تجویز کی گئی ہے جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی سیریز کے ون ڈے میچز پر بھی بات چیت جاری ہے۔