
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 171 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے دیے گئے 172 رنز کے تعاقب میں میزبان ٹیم صرف 140 رنز ہی بنا سکی، پاکستان نے یو اے ای کو شکست دے کر تین ملکی سیریز کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔
یو اے ای کی جانب سے اوپنر علی شان 51 گیندوں پر 68 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محمد 19 گیندوں پر 19 رنز ہی بنا سکے جبکہ ایتھان ڈی سوزا 9 اور آصف خان 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
اماراتی ٹیم کے بلے باز راہول چوپڑا بغیر کھاتی کھولے ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ ہرشیت کوشک 3 رنز بنا سکے، دھارو پراشار نے 18 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی جبکہ حیدر علی 12 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے مسٹری سپنر ابرار احمد نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین آفریدی اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
🏆 Pakistan advance to the Tri-Nation Series Final after a 31-run win over UAE 🇵🇰#BackTheBoysInGreen | #PAKvUAE pic.twitter.com/7HzhpV2Na7
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 4, 2025
قبل ازیں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 44 گیندوں پر 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
صاحبزادہ فرحان نے 16، صائم ایوب نے 11، کپتان سلمان علی آغا نے محمد حارث نے 14 اور حسن نواز نے 4 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی جبکہ محمد نواز 27 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگ میں 2 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
یو اے ای کی جانب سے حیدر علی نے 2 جبکہ جنید صدیقی، محمد روحد اور دھارو پرشار نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ ٹرائی سیریز میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم اپنے کھیلے گئے تین میچز میں سے کسی ایک میں کامیابی کا مزہ نہیں چکھ سکی۔



