
یہ افسوسناک واقعہ تھانہ الہ آباد کی حدود مائی رابو کے قریب پیش آیا، جب ناصر پہلوان اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ حویلی لکھا سے کیری ڈبہ پر واپس گھر جا رہے تھے۔
اس دوران تین موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکوؤں نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ناصر پہلوان کے سر پر گولی لگی،جس کے بعد شدید زخمی حالت میں انہیں لاہور منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
مقتول کے بھائی مدثر نے اس افسوسناک واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناصر پہلوان نے متعدد انٹرنیشنل کبڈی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، جن میں پاک-انڈیا کبڈی مقابلے بھی شامل ہیں۔ وہ کھڈیاں کے رہائشی اور تین بچوں کے والد تھے۔ ان کی اچانک اور المناک موت نے نہ صرف خاندان بلکہ کھیلوں کے حلقوں کو بھی صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معروف کھلاڑی ماکھا جٹ میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے
دوسری جانب پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ناصر پہلوان کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد ہی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔