
یہ واقعہ وہاڑی میں جاری ایک مقامی کبڈی میچ کے دوران پیش آیا، جب اچانک ماکھا جٹ کو طبیعت کی خرابی محسوس ہوئی اور وہ زمین پر گر پڑے۔ ساتھی کھلاڑیوں اور منتظمین نے فوری طور پر امداد فراہم کرنے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر شافع حسین اور سیکریٹری محمد سرور رانا نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میدان میں ایک باصلاحیت کھلاڑی کو یوں اچانک کھو دینا انتہائی افسوسناک ہے۔ ہماری دعائیں مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور اللہ تعالیٰ ان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
کھیلوں کے حلقوں میں اس واقعے پر افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ماکھا جٹ ایک معروف اور جرات مند کھلاڑی کے طور پر پہچانے جاتے تھے جنہوں نے مختلف مقامی اور علاقائی مقابلوں میں اپنی ٹیم کیلئے شاندار کارکردگی دکھائی۔ ان کی اچانک وفات نے نہ صرف کھیل کے میدان کو سوگوار کر دیا بلکہ شائقین اور ساتھی کھلاڑی بھی رنجیدہ ہیں۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن نے مرحوم کے اہل خانہ سے مکمل اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ ماکھا جٹ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔