پاکستان شاہینز کی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سیمی فائنل میں رسائی
پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں نیپال کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
فوٹو بشکریہ فیس بک
ڈارون: (سنو نیوز) پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چھٹے میچ میں نیپال کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

ایکس سی ارینا ڈارون میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر144 رنز بنائے، کپتان محمد عرفان خان 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عبدالصمد 26 اور محمد وسیم جونیئر 23 رنز بناکرنمایاں رہے ۔

نیپال کی جانب سے سومپل کامی نے شاندار باؤلنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، دیپندرا سنگھ ایری اور نندن یادو نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 143 رنز بنا سکی، نیپال کی اننگز میں کپتان روہیت کمار نے 52 ،آصف شیخ 27 رنزبنا کر نمایاں رہے۔

نیپال کو آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے جبکہ آخری گیند پر اسے 3 رنز درکار تھے،اس اوور کی پہلی گیند پر فیصل اکرم نے کوشال ملا کو 2 رنز پر غازی غوری کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ کرادیا اور پھر آخری گیند پر دیپندرا سنگھ 41 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان شاہینز کی طرف سے محمد وسیم جونیئر اور فیصل اکرم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں یوں پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

واضح رہے کہ سیریز کا سیمی فائنل میچ 24 اگست اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔