یاسر سلطان نے جیولن تھرو میں برانز میڈل جیت لیا
Yasir Sultan javelin
فائل فوٹو
سیول:(ویب ڈیسک) پاکستان کے جیولن تھرو چیمپئن یاسر سلطان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایشین تھروئنگ چیمپئن شپ 2025ء میں برانز میڈل جیت لیا۔

یہ ایونٹ کوریا میں جاری ہے جہاں یاسر سلطان نے قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی اور ملک کیلئے قیمتی کامیابی اپنے نام کی۔

یاسر سلطان نے جیولن تھرو ایونٹ میں اپنی چھٹی کوشش میں 77.43 میٹر کی تھرو پھینک کر کانسی کا تمغہ جیتا۔ ان کی پہلی اور پانچویں تھرو فاؤل قرار دی گئیں، تاہم دوسری تھرو میں انہوں نے 75.79 میٹر، تیسری میں 72.57 میٹر اور چوتھی تھرو میں 72.88 میٹر تک جیولن پھینکی۔

فیصلہ کن کارکردگی انہوں نے چھٹی کوشش میں دکھائی، جب شاندار انداز میں 77.43 میٹر کی تھرو کے ساتھ میڈل اپنے نام کیا۔

واضح رہے کہ یاسر سلطان اس مقابلے میں پاکستان کے واحد نمائندہ کھلاڑی تھے جنہوں نے اپنی محنت اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملک کیلئے یہ اعزاز حاصل کیا۔

کھیلوں کے حلقوں اور ماہرین نے ان کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارکردگی مستقبل میں پاکستانی ایتھلیٹس کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔

پاکستان کے جیولن تھرو اسٹار کی یہ کامیابی ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ عالمی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی جاسکتی ہے۔

یاسر سلطان کے اس میڈل کو پاکستانی کھیلوں کی دنیا میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔