
ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پاکستان کے2 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز کے مجموعی سکور پر بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑ گیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر صائم ایوب 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ سابق کپتان بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، بیٹر عبداللہ شفیق 24 اور کپتان محمد رضوان 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو عبداللہ شفیق واپس آتے ہی ہمت ہار گئے اور 26 رنز کے انفرادی سکور پر بلیڈز کی گیند پر گڈاکش موتی کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ کپتان محمد رضوان بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 16 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔
نئے آنے والے بلے باز حسین طلعت 31 رنز بنا کر روسٹن چیز کا شکار بنے جبکہ سلمان علی آغا 18 گیندوں پر صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
قومی سکواڈ میں آج تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، فہیم اشرف ، نسیم شاہ اور سفیان مقیم کو آج کیلئے آرام دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ ابرار احمد، حسن علی اور محمد نواز پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریزمیں 0-1 کی برتری حاصل کر چکی ہے اور آج کی فتح سے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔
پاکستان کا سکواڈ:
محمد رضوان (کپتان)، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان علی آغا، حسن نواز، حسین طلعت، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی ابرار احمد
ویسٹ انڈیز کا سکواڈ:
شائے ہوپ (کپتان)، جیڈ اے بلیڈز، کیچی کارٹی، روسٹن چیز، جسٹن گریوز، شمار جوزف، برینڈن کنگ، ایون لیوائز، گڈاکش موتی، ردرفورڈ، جیڈن سیلز