ویرات کوہلی اور روہت شرما ورلڈ کپ 2027 سے آؤٹ؟
Virat Kohli and Rohit Sharma World Cup 2027,
فائل فوٹو
نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2027 میں حصہ لینے کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس دونوں سینئر کھلاڑیوں کے ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لینے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی اور روہت شرما کا آسٹریلیا کیخلاف آئندہ الوداعی سیریز ان کے کرکٹ کیریئر کا آخری موقع ہو سکتا ہے، جس کے بعد دونوں کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ سے مکمل طور پر الگ ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ویرات کوہلی تو پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، اب امکان ہے کہ وہ ون ڈے کرکٹ سے بھی کنارہ کشی اختیار کر لیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کر کے مستقبل کی تعمیر پر توجہ دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کو دسمبر میں ہونے والی وجے ہزارے ٹرافی کھیلنے کا کہا ہے، ورلڈ کپ ٹیم میں شامل ہونے کیلئے یہ لازمی شرط بھی رکھی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پی سی بی کے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ نے استعفیٰ دے دیا

سال کے شروع میں بھی کوہلی اور شرما کو رانجی ٹرافی کھیلنے کی ہدایت دی گئی تھی، جس کے بعد دونوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

بھارت اکتوبر میں آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز کھیلنے جا رہا ہے، جو دونوں کھلاڑیوں کیلئے ممکنہ طور پر الوداعی سیریز ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ خبریں بھارتی کرکٹ شائقین کیلئے ایک بڑا جھٹکا ہیں کیونکہ ویرات کوہلی اور روہت شرما نے گزشتہ برسوں میں ٹیم کو کئی کامیابیاں دلائیں۔