
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ نے استعفی ددے دیا، جسے پی سی بی کی جانب سے منظور کر لیا گیا ہے۔ ٹونی ہیمنگ نے جولائی 2024 میں دو سالہ معاہدے کے تحت یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ٹونی ہیمنگ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر یہ فیصلہ کیا کہ وہ پی سی بی کے چیف کیوریٹر کے عہدے سے الگ ہو جائیں۔ ان کی خدمات کو پی سی بی نے سراہا اور استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔
ذہن نشین رہے کہ ٹونی ہیمنگ نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز اور آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے پچز تیار کرنے کی اہم ذمہ داری نبھائی تھی۔ ان کی محنت اور مہارت نے پاکستان کرکٹ کی میچز کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نئے چیف کیوریٹر کی تقرری کے حوالے سے ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا ہے، ممکنہ طور پر جلد ہی اس حوالے سے بورڈ فیصلہ کرے گا، تاکہ کرکٹ میدان میں پچ کی تیاری کا سلسلہ بغیر رکاوٹ جاری رہ سکے۔
پاکستانی کرکٹ شائقین اور تجزیہ کار اس تبدیلی پر نظر رکھے ہوئے ہیں کہ پی سی بی کس طرح اس اہم عہدے پر نیا اور ماہر کیوریٹر منتخب کرتا ہے جو ٹیم کی کارکردگی میں مزید بہتری لا سکے۔
ذہن نشین رہے کہ ٹونی ہیمنگ کا استعفیٰ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔