پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا
پاکستان نے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستانی بلے باز ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں ہدف پورا کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کررہے ہیں/ کرک انفو
(ویب ڈیسک) پاکستان نے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تروبا کے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایون لوئس، کپتان شائی ہوپ اور روسٹن چیز کی نصف سنچریوں کی بدولت 280 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور برینڈن کنگ پہلی ہی اوور میں شاہین آفریدی کے ہاتھوں چار رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ ایون لوئس اور کیسی کارٹی نے 50 رنز کی شراکت قائم کی لیکن لوئس 60 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان شائی ہوپ نے 55 رنز بنائے اور روسٹن چیز کے ساتھ 64 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ چیز نے 53 رنز سکور کیے مگر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹی 20: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے دی

گڈاکیش موتی نے اختتامی اوورز میں جارحانہ 31 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 280 تک پہنچایا تاہم میزبان ٹیم 49 ویں اوور میں آؤٹ ہوگئی۔ شاہین آفریدی نے 8 اوورز میں 51 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ نے 55 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔ صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

281 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدائی نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اوپنر صائم ایوب تیسرے اوور میں جیڈن سیلز کی گیند پر محض پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ عبداللہ شفیق نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 47 رنز جوڑے تاہم 29 رنز کی اننگز کھیل کر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔

بابر اور رضوان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 55 رنز بنائے اور ٹیم کو سنبھالے رکھا مگر بابر نصف سنچری سے صرف تین رنز کی دوری پر 47 رنز بنا کر سٹمپ ہوگئے۔

اس کے بعد سلمان علی آغا نے 23 رنز بنائے لیکن وہ بھی روسٹن چیز کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔ کپتان محمد رضوان نے اپنی 16ویں ون ڈے نصف سنچری مکمل کی اور حسن نواز کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا۔ جوزف نے رضوان کو 53 رنز پر آؤٹ کیا تو اس وقت پاکستان کا سکور 180 تھا۔

کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد حسن نواز اور آل راؤنڈر حسین طلعت نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست سنچری پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کو فتح دلا دی۔ حسن نواز نے اپنی پہلی ون ڈے نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ حسین طلعت نے 41 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور پاکستان نے ہدف 48.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔

واضح رہے پاکستان نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی، دوسرا ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا۔