وسیم اکرم کا بابراعظم کی ٹی20 میں واپسی کی حمایت کا اعلان
Wasim Akram
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹس میں بابراعظم جیسے بہترین بلے باز کی اشد ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق بابراعظم نے آخری بار دسمبر 2024 میں جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ اس کے بعد انہیں کم اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔

وسیم اکرم نے کہا کہ اگر میرے پاس اختیار ہوتا تو میں بابراعظم کو ضرور قومی ٹی20 ٹیم میں شامل کرتا۔ ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ قریب ہیں اور ہمیں ایک سینئر بلے باز کی ضرورت ہے۔ شائقین کو یاد ہوگا کہ جب وہ 2019 میں سمرسیٹ کی نمائندگی کر رہے تھے تو ان کا اسٹرائیک ریٹ تقریباً 150 تھا۔ وہ حالات کے مطابق اپنی بیٹنگ کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کرکٹر حیدر علی مانچسٹر پولیس کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد رہا

سابق آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم 140 یا 160 رنز کا ہدف حاصل کر رہے ہوں، خاص طور پر بڑی ٹیموں کے خلاف تو ہمیں ایک ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہوتی ہے جو ذمہ داری لے اور باقی 10 کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلے۔ بابر دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ہے۔ وہ اپنے کھیل کو فارمیٹ اور میچ کی صورتحال کے مطابق ڈھالتا ہے۔ اس نے ماضی میں بھی ایسا کیا ہے اور آئندہ بھی کر سکتا ہے۔ بابراعظم میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اور وہ پاکستان کے لیے بہت کچھ حاصل کر سکتا ہے ہمیں اس کی حمایت کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ بابراعظم نے اپنا آخری ٹی20 انٹرنیشنل دسمبر 2024 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ گزشتہ 10 میچز میں انہوں نے 236 رنز بنائے، اوسط 26 رہی، اور ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کر سکے۔ درحقیقت ان کی آخری پانچ اننگز میں سے تین میں وہ ڈبل فیگرز تک بھی نہ پہنچ سکے۔ وہ آخری بار 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے کپتان تھے جہاں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی، جس کے بعد پی سی بی نے نوجوان کھلاڑیوں پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا۔