معروف امریکی ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں چل بسے
معروف امریکی ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
فائل فوٹو
فلوریڈا: (ویب ڈیسک) معروف امریکی ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ہلک ہوگن دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے فلوریڈا میں اپنے گھر جان کی بازی ہار گئے، ہلک ہوگن نے حال ہی میں دل کی سرجری کروائی تھی۔

ہوگن نے ریسل مینیا کے پہلے نو ایڈیشنز میں سے آٹھ اپنے نام کئے، 1988 میں آندرے دی جائنٹ کے خلاف ان کے میچ کو ٹیلی ویژن پر 33 ملین ناظرین نے دیکھا، ہلک ہوگن کو 2005 میں ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔

ہلک ہوگن نے 1980 کی دہائی میں پروفیشنل ریسلنگ کی دنیا میں انقلاب برپا کیا اور اس کھیل کو ایک سنگین تفریحی صنعت میں تبدیل کیا ۔

ہوگن نے اپنے ریسلنگ کیریئر کو ہالی ووڈ میں کامیاب بنانے کی کوشش کی تاہم اُن کا سینما کی دنیا میں زیادہ جادو نہ سکا، وہ فلم "رکی تھری " اور "سانتا ود مسلز" میں جلوہ گر ہوئے مگر ہمیشہ ریسلنگ کی دنیا میں واپس آتے رہے۔

ہلک ہوگن کی سیاسی حمایت بھی خبروں میں آئی، جب 2024 میں وہ ریپبلکن نیشنل کنونشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں نمودار ہوئے جب انہوں نے اپنی ٹرمپ ٹینک ٹاپ پہن کر ٹرمپ کی حمایت کی۔

واضح رہے کہ ہلک ہوگن 11 اگست 1953 کو جارجیا کے شہر آگسٹا میں پیدا ہوئے، انہوں نے فلوریڈا میں ریسلنگ کی دنیا میں قدم رکھا اور جلد ہی شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے، انہوں نے پٹھے دار جسم اور "24 انچ پائتھونس" کے طور پر شہرت حاصل کرنے کے بعد ریسلنگ کے کئی بڑے ایونٹس میں حصہ لیا۔

ہلک ہوگن کی کامیابیوں کا سلسلہ صرف ریسلنگ کی دنیا تک ہی محدود نہ تھا بلکہ اُنہوں نے مختلف تنازعات کا بھی سامنا کیا جیسے کہ ایک جنسی ویڈیو لیک کے نتیجے میں اُنہوں نے "گاکر" ویب سائٹ کے خلاف 140 ملین ڈالر کا مقدمہ جیتا۔