حسیب اللّٰہ خان نے انگلینڈ کی نمائندگی کے متعلق افواہوں کو مسترد کر دیا
Haseebullah Khan
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک )نوجوان وکٹ کیپر و بیٹر حسیب اللہ خان نے انگلینڈ کی قومی ٹیم میں شمولیت کے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں تردید کر دی۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا ہے کہ وہ انگلینڈ صرف کاؤنٹی کرکٹ اور پیشہ ورانہ امور کے سلسلے میں آئے ہیں۔

حسیب اللہ خان نے انسٹاگرام پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں یہاں صرف اپنے کاؤنٹی کنٹریکٹ اور اسپانسر شپ کے سلسلے میں موجود ہوں، پاکستان سے وابستگی میری اولین ترجیح ہےاور رہے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی اُن کا خواب ہے اور وہ مکمل طور پر اس کے لیے پُرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 5 گیندوں پر 5 وکٹیں،ٹی 20 کرکٹ میں ریکارڈ قائم

یاد رہے کہ حالیہ دورہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے لیے پاکستان شاہین کی ٹیم میں حسیب اللہ کو شامل نہیں کیا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف چہ میگوئیاں سامنے آئیں۔ اس دوران حسیب اللہ نے اردو اشعار کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا تھا جسے مداحوں نے مایوسی سے تعبیر دیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں بھی انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے صرف ایک میچ کھیلنے کا موقع ملا۔ پاکستان ٹیم میں فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث اور صاحبزادہ فرحان جیسے کھلاڑیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جس کے باعث حسیب اللہ کو قومی اسکواڈ کا حصہ بنانے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

حسیب اللہ خان نے اپنے بیان کے آخر میں کہاکہ پاکستان میری پہچان ہے، افواہوں اور بے بنیاد خبروں پر یقین نہ کریں، پاکستان زندہ باد۔