قومی ہاکی ٹیم کے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی اکمل سکندر انتقال کر گئے
Akmal Sikandar death
فائل فوٹو
وزیرآباد: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق انٹرنیشنل ہاکی پلیئر اکمل سکندر دل کا دورہ پڑنے کے باعث خالقِ حیقیقی سے جا ملے۔

ان کے انتقال سے نہ صرف ہاکی کے حلقوں میں دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے بلکہ ان کے چاہنے والے بھی افسردہ ہیں۔

واضح رہے کہ اکمل سکندر کئی برسوں تک قومی ہاکی ٹیم کا حصہ رہے۔ اپنے دور میں انہوں نے پاکستان کیلئے کئی اہم میچز میں شاندار کارکردگی دکھائی اور ہاکی کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا۔

ذرائع کے مطابق اکمل سکندر کو اچانک دل کا شدید دورہ پڑا، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی موت نے کھیلوں کے شائقین کو غمزدہ کر دیا ہے، خصوصاً ہاکی برادری میں افسوس کی فضا طاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی بمباری کا شکار فلسطینی فٹبالر شہید

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ آج شام چار بجے ان کے آبائی علاقے گکھڑ منڈی میں ادا کی جائے گی، جس میں کھیلوں سے وابستہ شخصیات، اہل علاقہ، عزیز و اقارب اور ان کے مداحوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

اکمل سکندر کے دوست و احباب کا کہنا ہے کہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک رول ماڈل تھے۔ ان کی وفات سے ہاکی کے شعبے میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جو طویل عرصے تک پُر نہیں ہو سکے گا۔