اسرائیلی بمباری کا شکار فلسطینی فٹبالر شہید
Palestinian footballer Mahand Al-Laili martyrdom
فائل فوٹو
غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیلی مظالم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، غزہ میں ایک اور جان لیوا حملے نے فلسطین کو اس کے نوجوان فٹبالر سے محروم کر دیا۔

خدامت المغازی فٹبال کلب کے کھلاڑی مہند اللیلی اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے۔

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کے روز اسرائیلی ڈرون نے مہند اللیلی کے گھر کو نشانہ بنایا۔ حملے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔

ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مہند ایک باصلاحیت کھلاڑی تھے اور خدامت المغازی کلب کا اہم حصہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں:مشہور فٹبالر ڈیاگو جوتا ٹریفک حادثے میں ہلاک

تنظیم نے مزید انکشاف کیا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک مختلف کھیلوں سے وابستہ 585 فلسطینی کھلاڑی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے 265 فٹبالر شامل ہیں۔

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے عالمی فٹبال تنظیم فیفا (FIFA) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور جنگی جرائم کی مرتکب اسرائیلی فٹبال ٹیم پر عالمی سطح پر پابندی عائد کرے۔

عالمی برادری سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی کھلاڑیوں کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات کرے اور غزہ میں کھیلوں کے شعبے کو تباہی سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔