مشہور فٹبالر ڈیاگو جوتا ٹریفک حادثے میں ہلاک
Diogo Jota death
فائل فوٹو
میڈرڈ: (ویب ڈیسک) پرتگال اور لیورپول کے مایہ ناز فٹبالر ڈیاگو جوتا شمالی اسپین میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں 28 سال کی عمر میں ہلاک ہو گئے۔

حادثے میں ان کے بھائی آندرے سوا بھی ہلاک ہو گئے، جو پرتگال کی سیکنڈ ڈویژن فٹبال لیگ میں کھیلتے تھے۔

اسپینش میڈیا کے مطابق یہ اندوہناک حادثہ جمعرات کی صبح شمالی اسپین کے ایک ہائی وے پر پیش آیا، جہاں جوتا اور ان کے بھائی سفر کر رہے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق دونوں بھائی ایک لیمبورگینی گاڑی میں سوار تھے جو ایک اور گاڑی کو اوورٹیک کرتے ہوئے ٹائر پھٹنے کے باعث سڑک سے اتر گئی اور اس کے بعد آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:کرکٹ میچ کے دوران بلے باز چل بسا

خیال رہے کہ ڈیاگو جوتا حال ہی میں پرتگال کی قومی ٹیم کے ہمراہ یوئیفا نیشنز لیگ کا فائنل جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ وہ لیورپول کی جانب سے انگلش پریمیئر لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے، اور حال ہی میں 2025 کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

ذہن نشین رہے کہ 10 روز قبل ہی ڈیاگو جوتا شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔

ان کی اچانک موت پر فٹبال شائقین، کھلاڑیوں اور عالمی فٹبال اداروں نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ لیورپول کلب اور پرتگال فٹبال فیڈریشن نے اپنے بیانات میں جوتا کو ایک شاندار کھلاڑی، بہترین ساتھی اور حقیقی ٹیم پلیئر قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔