پاکستان کیلئے پہلا انٹرنیشنل گولڈ میڈل جیتنے والے ریسلر دین محمد کا انتقال
 پاکستان کے لیے بین الاقوامی کھیلوں میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے ریسلر دین محمد پہلوان انتقال کرگئے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کے لیے بین الاقوامی کھیلوں میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے ریسلر دین محمد پہلوان انتقال کرگئے۔

دین محمد پہلوان کے بیٹے نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی، ریسلر دین محمد طویل عرصہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھے، مرحوم طویل علالت کے بعد 100 برس سے زائد کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے، دین محمد رواں سال فروری میں 100 سال کے ہوئے تھے۔

ریسلر دین محمد نے 1954 میں ہونے والی ایشین گیمز میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا گولڈ میڈل جیتا، انہوں نے ٹائٹل جیتنے کیلئے فلپائن، جاپان اور بھارت کے پہلوانوں کو دھول چٹائی تھی، دین محمد کی اس کامیابی نے دنیائے کھیل میں پاکستان کی الگ شناخت متعارف کروائی تھی۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے قومی ریسلر دین محمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ میچ کے دوران بلے باز چل بسا

صدر پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن چودھری ارشد ستار اور صدر لاہور ریسلنگ ایسوسی ایشن مہر اکرم عرف کالا پہلوان نے بھی دین محمد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ ریسلر دین محمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دین محمد پاکستان کے پہلے ایشین گولڈ میڈلسٹ تھے جنہوں نے سبز ہلالی پرچم کو کھیلوں کے عالمی مقابلوں میں بلند کیا۔

خضر افضال چودھری نے مزید کہا کہ دین محمد کی کھیلوں میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ، اللہ تعالیٰ دین محمد کو جنت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرجمیل عطاء فرمائے۔