
یہ پیشرفت اُس وقت سامنے آئی جب پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر، سید محسن گیلانی، نے میامی میں منعقدہ فیفا ایگزیکٹو فٹبال سمٹ 2025 کے دوران عالمی فٹبال قیادت سے تاریخی ملاقاتیں کیں۔ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے گفتگو میں کہا، پاکستان فٹبال میں بے پناہ صلاحیت چھپی ہے، ہم ہر سطح پر اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے یوتھ ٹریننگ، خواتین فٹبال کے فروغ اور انفراسٹرکچر میں بہتری کے حوالے سے بھرپور تکنیکی و مالی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ساتھ ہی فیفا کے سیکریٹری جنرل میتیاس گرافسٹرم اور عالمی فٹبال ڈویلپمنٹ کے سربراہ، لیجنڈری کوچ آرسین وینگر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جہاں گراس روٹ پروگرامز، کوچنگ ورکشاپس اور ڈیجیٹل فٹبال ترقی جیسے اہم پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے خطے میں پاکستانی فٹبال کے کردار کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ہم پاکستان کو ایشیائی فٹبال کا فعال حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
صدر پی ایف ایف محسن گیلانی نے کہا، ہم نے ماضی میں آزمائشوں کا سامنا کیا، لیکن آج نئے عزم، شفاف قیادت اور عالمی اعتماد کے ساتھ پاکستان فٹبال کو نئی بلندیوں کی جانب لے جائیں گے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان نے حالیہ انتخابات اور آئینی اصلاحات کے بعد فٹبال کی عالمی برادری میں دوبارہ قدم رکھنا شروع کیا ہے۔ برسوں کی تنظیمی بے چینی اور پابندیوں کے بعد ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، جس سے شائقین میں نئی اُمید جاگی ہے۔